یکم ستمبر سے پٹرول،ڈیزل قیمتوں میں کتنی کمی متوقع ؟ عوام کیلئے خوشخبری

>یکم ستمبر سے پٹرول،ڈیزل قیمتوں میں کتنی کمی متوقع ؟ عوام کیلئے خوشخبری

پاکستان میں یکم ستمبر سے ایندھن کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی متوقع ہے جو پیٹرولیم مصنوعات میں مسلسل تیسری کمی ہو گی۔ذرائع کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اگلے 15 دنوں تک 5 سے 6 روپے فی لیٹر کمی کا تخمینہ ہے۔

قیمتوں میں کمی کی وجہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی ہے جو گزشتہ 15 دنوں میں 2 سے 2.30 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہے۔ پیٹرول کی اوسط عالمی قیمت 82.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 80.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 90.30 ڈالر سے کم ہوکر 88 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے

حکومت پہلے ہی حالیہ ہفتوں میں دو بار ایندھن کی قیمتوں میں کمی کرچکی ہے۔ 14 اگست کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8.47 روپے اور 6.70 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ 31 جولائی کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 6.17 روپے اور 10.86 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔

فی لیٹر پٹرول کی قیمت 260.96 روپے اور ڈیزل کی قیمت 266.07 روپے فی لیٹر ہے۔ حکومت پٹرول اور ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی اور ڈسٹری بیوشن اور سیلز مارجن کے علاوہ تقریبا 78 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کرتی ہے۔توقع ہے کہ اس اقدام سے صارفین کو ریلیف ملے گا اور ملک میں افراط زر کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top